علی گڑھ،(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بدھ کی صبح کانپور دیہات ضلع میں سیالدہ- اجمیر ٹرین حادثے کی خبر ملنے کے بعد وزیر ریل سریش پربھو نے ٹوئٹ کے ذریعے کئی باتیں لوگوں سے شیئر کی۔اس ٹرین حادثے میں ٹرین کے 15ڈبے پٹری سے اتر گئے تھے اور اب تک کی اطلاع کے مطابق 52لوگ زخمی بتائے جا رہے ہیں۔انہوں نے سب سے پہلے ٹوئٹ میں کہا کہ وہ اس پورے حادثے پر ذاتی طور پر نظر بنائے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سینئر افسران کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پرجائے حادثہ پر پہنچیں۔تیسرے ٹوئٹ میں پربھو نے کہا کہ زخمیوں کے طبی امداد کا بندوبست کیا جا رہا ہے،سبھی ضروری سامان جائے حادثہ پر بھیجا جا رہا ہے۔ایک اور ٹوئٹ میں ریلوے کے وزیر نے کہا کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائے گی اور وجوہات کا پتہ لگایا جائے گا۔ایک اور ٹویٹ میں وزیر ریل نے زخمیوں کے لیے معاوضے کا اعلان بھی کر دیا اور کہا کہ مسافروں کو کسی قسم کی دقت نہ ہو اس کی بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں جس سے لوگوں کو دقت نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ سی آربی کے حکام کو ہر ضروری قدم اٹھانے کی ہدایت دی گئی ہے،ریلیف وین موقع پر بھیجنے کے لیے کہا گیا ہے۔حادثے پیش آنے کے ایک گھنٹہ کے بعد انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو طبی سہولیات مہیا کرائی جا رہی ہے۔ڈاکٹر زخمیوں کو دیکھ رہے ہیں، ضلع انتظامیہ اور اسپتا ل انتظامیہ کے درمیان تال میل کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے۔